دونوںشہروں میں 20ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات

حساس مقامات کی نشاندہی‘ پُرامن رائے دہی یقینی بنانے پولیس چوکس

حیدرآباد۔ 28 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں عام انتخابات کے پیش نظر پولیس کے سخت صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں اور آج شام انتخابی تشہیر کے اختتام کے ساتھ ہی پولیس نے شہر کو عملاً اپنے محاصرہ میں لے لیا ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور سیاسی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی ہے اور شام سے ہی حساس علاقوں میں فوج نے فلیگ مارچ کا آغاز کردیا ہے۔ اس خصوص میں سٹی پولیس کمشنر مسٹر انوراگ شرما نے بتایا کہ سٹی پولیس کی فورس کے بشمول 20 ہزار پولیس فورس انتخابات کی نگرانی کرے گی۔ اس کے علاوہ 37 سے زائد نیم فوجی دستوں کے علاوہ اے پی ایس پی کی زائد کمپنیاں اور 3400 والینٹرس انتخابی عمل میں پولیس کا ساتھ دیں گے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ شہر میں تاحال 19 کروڑ41 لاکھ سے زائد رقم کو ضبط کرلیا گیا ہے اور انتخابی عمل پر سخت نگرانی رکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی تشہیرروکنے کو اخبارات، الیکٹرانک میڈیا اور ایس ایم ایس پر پابندی لگادی گئی اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ عوام کو شکایت کیلئے دو سیل فون نمبرات دیئے گئے ہیں جس پر وہ ایس ایم ایس اور فون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے دو پارلیمانی اور 15 اسمبلی حلقوں میں 3442 پولنگ اسٹیشن ہیں اور یہ 1414 مقامات پر قائم کئے گئے ہیں جن میں 197 انتہائی حساس اور 304 حساس مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 381 روٹس میں 381 موبائیل پارٹیاں گشت کررہی ہیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر خصوصی نظر کیلئے انفورسمنٹ تشکیل دیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ 15 فلائنگ اسکواڈ، 45 اسٹرائنگ فورس اور 60 کیو آر ٹی ٹیمیں 27 خصوصی ٹیمیں اور 97 ٹریفک کی ٹیمیں مصروف رہیں گی۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ان انتخابات میں فاریسٹ اور اکسائز پولیس سے بھی استفادہ کیاجارہا ہے۔ اس کے علاوہ 4 آئی جی، ایک ڈی آئی جی، 8 ایس پیز اور 2 اے ایس پیز اور 13 ڈی ایس پیز کو تعینات کیا جارہا ہے۔ پرانے شہر کی ذمہ داری ایڈیشنل کمشنر کرائم مسٹر سندیپ شنڈالیہ اور ویسٹ زون کی ذمہ داری جوائنٹ کمشنر سی اے آر مسٹر شیوا پرساد کو دی گئی ہے جو مقامی ڈی سی پیز کے علاوہ ہوں گے جبکہ تمام طرح کی نگرانی اور اختیارات متعلقہ ڈی سی پیز کو رہیں گے۔ ہر پولنگ بوتھ سے 200 میٹر تک امتناعی احکامات سختی سے نافذ ہوں گے اور امیدواروں کی نقل و حرکت پر بھی سخت نظر رہے گی۔ سٹی پولیس نے قبل ازیں 5 ہزار سے زائد افراد کو پابند کردیا ہے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے 210 واقعات میں 179 پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور 80 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ شہر میں انتخابات کا پرامن انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر مسٹر انجی کمار، مسٹر ملاریڈی، مسٹر سنجے جین، مسٹر ابراہم لنکن و دیگر موجود تھے۔