دوما میں اقوام متحدہ کی سیکوریٹی ٹیم پر فائرنگ

اقوام متحدہ؍دمشق،19اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے اہلکار کے مطابق شامی شہردوما میں موجود اقوام متحدہ کے حفاظتی دستوں پر فائرنگ کی گئی ۔ یہ واقعہ دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے تناظر میں وہاں بین الاقوامی ماہرین کی ایک تحقیقاتی ٹیم کی آمد سے قبل پیش آیا۔مشرقی غوطہ کے دوما نامی شہر میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی ٹیم پر حفاظتی صورتحال کے جائزہ کے دوران فائرنگ کی گئی ہے ۔ تاہم اقوام متحدہ کے اہلکار نے بتایا کہ اس واقع میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا اور سکیورٹی ٹیم کو واپس دمشق منتقل کر دیا گیا ہے۔ 7 اپریل کو دوما کے عام شہریوں پر زہریلی گیس کے مبینہ حملے میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ مغربی طاقتوں کی جانب سے شامی صدر بشار الاسد کی حکومت پر اس مبینہ حملے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کیمیائی ہتھیاروں پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ’او پی سی ڈبلیو‘کے ماہرین کی ٹیم حملے کی چھان بین کے سلسلے میں سکیورٹی ٹیم کی جانب سے اجازت کا انتظار کر رہی تھیں۔ تاہم اب ممکن ہیکہ ’او پی سی ڈبلیو‘کے بین الاقوامی ماہرین فی الوقت دمشق میں موجود رہیں۔