دولت کے بے دریغ استعمال کے ذریعہ بی جے پی ، ووٹرس پر اثر انداز

تلگو دیشم کی چالیں بھی آشکار ، ٹی آر ایس کی بی جے پی اور تلگو دیشم پر تنقیدیں
حیدرآباد۔/12ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم اور بی جے پی میدک لوک سبھا کے ضمنی چناؤ میں دولت کے بے دریغ استعمال کے ذریعہ رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ایس رام لنگا ریڈی اور سی پربھاکر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میدک کے مختلف علاقوں میں تلگودیشم کی جانب سے عوام میں تقسیم کیلئے منتقل کی جانے والی رقم کو پولیس نے ضبط کرلیا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ تلگودیشم دولت کی بنیاد پر عوام کو خریدنا چاہتی ہے۔ ان قائدین نے کہا کہ میدک کے عوام کسی بھی قیمت پر تلگودیشم کی تائید نہیں کرسکتے اور وہ دولت کے آگے نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دولت کی بنیاد پر ضمنی انتخابات میں کامیابی کا تلگودیشم و بی جے پی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ میر پیٹ کے علاقے میں ایک ریسارٹ سے تلگودیشم رکن اسمبلی دھرما ریڈی کے پاس سے پولیس نے بھاری رقم ضبط کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالف تلنگانہ پالیسی کے باعث عوام نے تلنگانہ میں تلگودیشم کو مسترد کردیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں خود کو برقرار رکھنے کیلئے عوام میں دولت بکھیرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تلنگانہ عوام کبھی بھی ان جماعتوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ رام لنگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلگودیشم قائدین نقلی نوٹوں کی تقسیم کے ذریعہ بی جے پی کے حق میں رائے دہی کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہفتہ کے دن ہونے والی رائے دہی میں کانگریس اور بی جے پی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ضمنی چناؤ میں تلگودیشم اور بی جے پی بڑے پیمانے پر انتخابی دھاندلیوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ عوام کو دولت کے لالچ کے ذریعہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کی سازش کی جارہی ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی کروڑہا روپئے کیوں نہ خرچ کرلیں لیکن جگا ریڈی کو وہ کامیاب نہیں کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تلگودیشم پارٹی کا صفایا یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف تلنگانہ جماعتوں کو عوام مناسب سبق سکھائیں گے۔ گجویل اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس انچارج دیویندر نے بھی تلگودیشم اور بی جے پی قائدین کی جانب سے رقومات کی تقسیم کی کوششوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی چناؤ میں جگا ریڈی کی ضمانت بچانے کیلئے بھاری رقم خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو کمزور کرنے کیلئے سیما آندھرا قائدین نے تلگودیشم تلنگانہ قائدین کو بھاری رقم فراہم کی ہے۔