مجالس مقامی میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی، رکن اسمبلی جگا ریڈی کے تاثرات
حیدرآباد ۔ 3۔جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ مجالس مقامی کی ایم ایل سی نشستوں پر دولت کے استعمال کے سبب ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی نے رقومات کا بیجا استعمال کیا اور اپنے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ برخلاف اس کے کانگریس کے پاس دولت کی کمی تھی جس کے سبب اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل انتخابات کا سامنا کرتے ہوئے کانگریس پارٹی معاشی طور پر کمزور ہوئی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ حضور نگر اسمبلی حلقہ میں اتم کمار ریڈی کے کسی فرد خاندان کو ٹکٹ دے کر یہ نشست کانگریس پارٹی بچا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا کیلئے اتم کمار ریڈی کے انتخاب کے بعد یہ نشست خالی ہورہی ہے ۔ اس نشست کیلئے پارٹی میں کئی دعویدار ہیں۔ تاہم جگا ریڈی اتم کمار ریڈی کی شریک حیات کے نام کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ اتم کمار ریڈی کے پاس بھاری رقم نہیں ہے، اس کے باوجود وہ قرض حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین کو ان کی زبان پر بآسانی قرض حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اگرچہ معاشی طور پر کمزور ہے لیکن کارکن اس کی مضبوط طاقت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے نتائج میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ رہے گا۔ تمام اضلاع میں اکثریتی نشستوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز کونسل میں ٹی آر ایس کے 35 ارکان ایک طرف ہوں گے تو کانگریس کی جانب سے واحد نمائندگی جیون ریڈی کی ہوگی ۔ ٹی آر ایس کے 35 ارکان اسمبلی سے کوئی بھی عوامی مسائل پر سوال اٹھانے کی ہمت نہیں کرسکتا۔ برخلاف اس کے واحد ایم ایل سی جیون ریڈی عوام کو درپیش مسائل پر جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مجالس مقامی کے انتخابات میں عام طور پر برسر اقتدار پارٹی کو اکثریت حاصل ہوتی ہے لیکن تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔