وجئے ملیا کی ویسٹ منسٹر عدالت میں حاضری، حوالگی کے مقدمہ کی سماعت
لندن 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دھوکہ دہی کے الزامات میں ہندوستان کو شدت سے مطلوب شراب کے مفرور تاجر وجئے ملیا نے سرکش رہتے ہوئے بدستور اٹل موقف اختیار کیا اور کہاکہ ان کے خلاف رقمی ہیر پھیر اور رقومات میں خرد برد کے تمام الزامات مکمل طور پر غلط ہیں۔ ملیا نے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت کے باہر یہ تبصرہ کیا۔ وہ اپنے بیٹے سدھارتھ کے ساتھ آج عدالت پہونچے تھے جہاں ان کی حوالگی کا مقدمہ کی سماعت مقرر تھی۔ ملیا نے کہاکہ ’’رقمی ہیر پھیر اور دولت کی چوری کے الزامات قطعی غلط ہیں‘‘۔ حوالگی کے ایک اور مقدمہ میں جج اگر حکومت ہند کے حق میں فیصلہ کرتے ہیں تو برطانوی وزیرداخلہ کو اندرون دو ماہ ملیا کو ملک بدر کرنے کی حکمنامہ پر دستخط کرنا ہوگا۔ تاہم مجسٹریٹس کی عدالت کے فیصلہ پر اعلیٰ عدالت میں مرافعہ کی پیشکشی کا دونوں ہی فریقوں کو موقع دیا جائے گا۔ ملیا کے وکلائے صفائی کی ٹیم نے جس کی قیادت کلیر ماؤنٹ گمری نے دھوکہ دہی کے الزامات سے اختلاف کیا اور جیل خانوں کے حالات کے برطانوی ماہر ڈاکٹر ایلن مچل کی کتاب کے اقتباسات پیش کئے گئے جس میں آرتھرڈ روڈ پر واقع ممبئی سنٹرل جیل کی کوٹھری نمبر 12 کی تصاویر پیش کی گئیں۔ ملیا کو ان کی گرفتاری کی صورت میں وہاں رکھا جاسکتا ہے۔