چیالنجر سیول سرویس اکیڈیمی میں ابوصالح شریف کا خطاب
حیدرآباد۔ 26؍جنوری۔(پریس نوٹ)سچر کمیٹی کے سابق رکن جناب ابوصالح شریف نے دولتمند ہندوستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیم اور اسپورٹس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں تاکہ باصلاحیت نوجوان ابھرکر منظر عام پر آئے اور ملک و قوم کا اثاثہ بن سکیں۔ وہ کل شام چیلنجر سیول سرویسز اکیڈیمی معین آباد میں سیول سرویسز کے امیدواروں سے خصوصی خطاب کررہے تھے۔ چیرمین انڈین مسلم ریلیف کمیٹی جناب منظور غوری، جناب سید انیس الدین سی ای او سہائتا ٹرسٹ، مسٹر گوپال کرشناپتی آئی آر ایس، مسٹر مکیش سہائے ٹرینر سیول سرویسز کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کے فرزند اعظم علی خرم اس موقع پر موجود تھے۔ جناب ابوصالح شریف نے کہا کہ مسلمانوں کی پسماندگی کی وجہ تعلیم سے دوری ہے۔ ہندوستان کی ترقی اسی وقت ہوسکتی ہے جب درپیش چیالنجس کا مقابلہ کیا جاسکے اور اُن شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی جائے جہاں سے قوم کی ترقی کے لئے درکار وسائل پیدا ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کثرت میں وحدت کی بہترین مثال ہے۔ یہاں کی بیوکریسی، ریلویز، عدلیہ کے علاوہ صنعتی اور تفریحی میدانوں میں بھی اس کی ساری دنیا میں مثال دی جاتی ہے۔ مسٹر گوپال کرشناپتی نے کہا کہ سیول سرویسز کے لئے منتخب ہونا دراصل قوم کی خدمت کا عظیم موقع ہے۔ یہ خدمت عظیم عبادت ہے۔ سیول سرونٹ بننے کے خواب کو حقیقت میں بدل دینا ہی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی قابلیت سے زیادہ کردار کی اہمیت ہے۔ انہوں نے سیول سرویسز امتحانات کی تیاری کے سلسلہ میں زریں مشورے بھی دیئے۔ جناب منظور غوری اور جناب اعظم علی خرم نے بھی خطاب کیا۔ جناب انیس الدین نے سیول سرویسز کی تیاری کرنے والوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے نصب العین کی تکمیل تک چین سے نہ بیٹھے۔ مسٹر مکیش سہائے نے بھی تقریر کی۔