دولت اسلامیہ کے عارف مجید پر فرد جرم

ممبئی۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے آئی ایس آئی ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے گرفتار شدہ عارف مجید کے خلاف خصوصی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔ این آئی اے کے عہدیدار نے بتایا کہ ہم نے این آئی اے خصوصی عدالت میں مجید کے خلاف چارج شیٹ پیش کی ہے جو 8,000 صفحات پر مشتمل اور سات جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس میں عینی شاہدین کے بیانات ، عارف مجید کی چارٹ روم میں بات چیت اور اس کے موبائل فون ریکارڈس کو شامل کیا گیا ہے۔ جاریہ سال جنوری میں مقامی عدالت نے این آئی اے کو آئی ایس آئی ایس میں مبینہ طور پر تقرر کئے گئے عارف مجید کی اسکائپ اور ٹینگو کے ذریعہ ہوئی بات چیت اور چیاٹنگ کی تفصیلات حاصل کرنے کی اجازت دی تھی۔ تھانے کے پڑوسی علاقہ کلیان سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ نوجوان عارف مجید کی عراق دورہ کے بعد 28 نومبر کو ممبئی واپسی ہوئی۔ یہاں پہنچتے ہی اسے حراست میں لے کر بعدازاں گرفتار کرلیا گیا تھا۔