دولت اسلامیہ کے حملے کا خطرہ، میونخ کے اسٹیشن بند

میونخ ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کے شہر میونخ میں پولیس نے نئے سال کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ بھیڑ والی جگہوں پر نہ جائیں۔ جرمن حکام نے کہا ہے کہ انھیں ایک ’دوست ملک کے خفیہ ادارے‘ نے بتایا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خودکش بمبار شہر کے دو بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ پولیس کے مطابق شہر کے مرکزی ریلوے اسٹیشن اور پاسنگ ریلوے اسٹیشن خالی کروا لیے گئے ہیں اور ان پر کوئی ٹرین نہیں رک رہی۔ حکام کی جانب سے بھیڑ سے دور رہنے کے انتباہ کے باوجود ہزاروں افراد میونخ کی سڑکوں پر نئے سال کا جشن منانے کے لیے نکلے۔ جرمن وزیر یواخیم ہرمان نے کہا ہے کہ ’میں خوش ہوں کہ اب تک کچھ نہیں ہوا اور امید کرتا ہوں کہ یہ صورت حال ایسی ہی رہے گی۔‘ انھوں نے بتایا کہ جرمنی کی فیڈرل کریمنل پولیس آفس نے گذشتہ سال کی آخری شام ممکنہ حملوں کی اطلاعات ملنے پر میونخ کی پولیس کو مطلع کیا۔میونخ پولیس کے سربراہ ہوبرٹس آندرا نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق پانچ سے سات شدت پسند حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔