لندن ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ابوبکر البغدادی قائد دولت اسلامیہ ریڑھ کی ہڈی کے مبینہ زخم سے مفلوج ہوچکے ہیں اور ان کی اس مہلک بیماری سے دوبارہ صحتیابی ناممکن معلوم ہوتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی ایک خبر کے بموجب جس کے نتیجہ میں وہ دوبارہ کبھی سرگرم نہیں ہوسکیں گے۔ دنیا کے انتہائی مطلوب دہشت گرد ابوبکر البغدادی جن کی عمر 40 اور 50 سال کے درمیان ہے، دو ڈاکٹروں کے زیرعلاج ہیں اور اپنے مستحکم گڑھ موصل کے خفیہ ٹھکانے میں ان کا علاج ہورہا ہے۔ دولت اسلامیہ سے قربت رکھنے والے 3 ذرائع نے اس اطلاع کی توثیق کی کہ البغدادی زخمی ہیں اور دوبارہ تنظیم کی رہنمائی کرنے سے قاصر ہوگئے ہیں۔ دولت اسلامیہ کی رہنمائی اب طویل مدتی سینئر عہدیدار ابواعلیٰ العفری کررہے ہیں جنہیں البغدادی کا جانشین اس وقت مقرر کیاگیا تھا جب گذشتہ سال ان کے پیشرو ایک حملہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ العفری طبیعیات کے پروفیسر ہیں اور دولت اسلامیہ کے عرصہ سے رکن ہیں۔تاہم البغدادی کے زخمی ہونے کی اطلاع دولت اسلامیہ کی قیادت کی دوسرے درجہ کی صفوں میں پھیل گئی ہے اور انہوں نے البغدادی پر حملہ کا انتقام لینے کا عہد کیا ہے۔