دولت اسلامیہ کیلئے ہندوستانی غریب مسلم نوجوانوں کی بھرتی

نئی دہلی ۔ /26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عراق اور شام میں آئی ایس آئی دولت اسلامیہ کے بڑھتے خطرات کے درمیان ہندوستان کی سکیورٹی ایجنسیوں نے یہ کہنا شروع کردیا ہے کہ ہندوستان میں دہشت گرد گروپ اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہے ہیں ۔ ایک ٹی وی چیانل میں ذرائع حوالے سے بتایا کہ دہشت گرد تنظیم جس نے پہلے ہی عراق اور شام میں ہزاروں افراد کو ہلاک کیا ہے اب اس کی نظریں ہندوستان کے مسلم نوجوانوں پر ہیں ۔ وہ اسلام کے نام پر مسلم نوجوانوں کو اکساتے ہوئے انہیں اپنی تنظیم میں بھرتی کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کیرالا ، ٹاملناڈو ، کرناٹک ، مہاراشٹرا اور جموں و کشمیر میں غریب مسلم نوجوانوں کو دولت اسلامیہ کیلئے کام کرنے کیلئے بھرتی کیا جارہا ہے ۔ سکیورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ زائد از 100 ہندوستانی مسلم نوجوان عراق میں اس تنظیم آئی ایس آئی میں شامل ہوگئے ہیں ۔ یہ دہشت گرد گروپ آن لائن ویڈیوز کے ذریعہ غریب مسلم نوجوانوں کو جنگ کیلئے بھرتی ہونے کیلئے ترغیب دے رہا ہے ۔ انڈین مجاہدین کے سلطان عبدالقدیر کی مدد سے ہندوستانی مسلم نوجوانوں کو دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی ہے ۔قومی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق یہ بھرتیاں ایک سال سے جاری ہیں ۔ ہم نے حال ہی میں انڈین مجاہدین کے دہشت گردوں کو گرفتار کیا تو یہ انکشاف ہوا۔