فلاڈلفیا۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ری پبلیکن صدارتی امیدوار کے لئے نامزد ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کی قومی سلامتی کیلئے پہلے ہی خطرہ پیدا کردیا ہے کیونکہ انہوں نے دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی کو تن آسانی سے لیتے ہوئے مسلمانوں کو احساس اجنبیت میں مبتلا کردیا ہے اور دولت اسلامیہ سے لڑائی مسلمانوں کو ساتھ لے کر ہی لڑی جاسکتی ہے۔ ٹرمپ کی اس حرکت نے دنیا میں امریکہ کا موقف کمزور کردیا ہے‘‘۔ یہ بات سابق امریکی وزیر خارجہ میڈلین البرائٹ نے کہی۔ 79 سالہ البرائٹ نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور آزادی کی نگہبانی کرنا کسی ٹی وی ریالٹی شو کی میزبانی کرنے کے برابر نہیں ہے کیونکہ ملک چلانے کے لئے نہ صرف دماغ ٹھنڈا رکھنا پڑتا ہے بلکہ دل بھی وسیع کرنا پڑتا ہے۔ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ پر زبردست تنقیدیں کیں۔ امریکہ کا صدر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نہ صرف خود اپنی نمائندگی کررہے ہیں بلکہ پورے امریکہ اور امریکی عوام کی نمائندگی کررہے ہیں۔ یہ خوبیاں ہلاری کلنٹن میں بدرجہ اتم موجود ہیں لہذا امریکی شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں صدر کے عہدہ کیلئے صرف اور صرف ہلاری کلنٹن کا انتخاب کرنا ہے۔