واشنگٹن۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ براک اوباما نے آج کہا کہ انتہائی خطرناک دہشت گرد گروپ ’’دولت اسلامیہ‘‘ کے خلاف لڑائی کیلئے بین الاقوامی برادری پوری طرح متحد ہے۔ انہوں نے قوم سے ہفتہ وار خطاب میں کہا کہ یہ تنہا امریکہ کی لڑائی نہیں ہے، وہ اس عہد کا پھر اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری فوج ، عراق یا شام میں ایک اور زمینی جنگ شروع نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمارے ساتھیوں کی مدد کریں گے اور یہی مؤثر طریقہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فضائی طاقت کا استعمال کریں گے ، ہمارے ساتھیوں کو تربیت دیں گے اور انہیں مسلح کیا جائے گا۔ انہیں مشورہ دیں گے اور ان کی معاونت کی جائے گی۔