بیروت ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام کی سرکاری فوج کے فضائی حملہ میں جو شمال مشرقی علاقہ میں دولت اسلامیہ کو نشانہ بناکر دیا گیا تھا، کم از کم 43 شہری ہلاک ہوگئے۔ ایک نگرانکار گروپ نے کہا کہ فضائی حملے مویشیوں کی منڈی اور تل حمیس کے علاقہ پر کئے گئے تھے جس پر دولت اسلامیہ کا قبضہ ہے۔ انسانی حقوق کیلئے شامی رسدگاہ برطانیہ نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد 43ہے۔ تل حمیس صوبہ حساکہ میں واقع ہے جس پر کرد نیم فوجی تنظیم یا سرکاری فوج کا قبضہ ہے لیکن بعض علاقوں میں جہادی بھی اپنا قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ حکومت حامی روزنامہ الوطن کے بموجب دولت اسلامیہ کے کئی جنگجو تل حمیس کے جنوب میں ہلاک کردیئے گئے ۔ جہادی مویشیوں منڈی کو اپنے اڈہ کے طور پر استعمال کررہے تھے۔