دولت اسلامیہ پر امریکی حملے ہندوستان کیلئے بری خبر ؟

نئی دہلی ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی زیرقیادت اتحادی افواج کی شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف کی جارہی بمباری سے تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوسکتا ہے۔ افراط زر اور مہنگائی کا بھی اندیشہ ہے۔ ہندوستان میں تہواروں کے موسم کے دوران اس طرح کی بری خبریں آ رہی ہیں کہ ہندوستانی معیشت پر اس کے منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ گذشتہ 25 سال کے دوران ہندوستانی معیشت بری طرح انحطاط کا شکار ہے۔ تیل کی دولت سے مالامال مشرق وسطیٰ میں بدامنی کے حالات کروڑہا ہندوستانیوں کیلئے اچھی خبر نہیں ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے رجحان کے بعد آئندہ ہفتوں میں ان قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ فی بیارل پٹرول کی قیمت 97 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو 2 سال کے دوران سب سے کم ہیں۔ اب اس میں ماہانہ کی اساس پر تیزی سے اضافہ ہوگا۔ حکومت کبھی بھی ڈیزل کی قیمتوں کو باقاعدہ کی فہرست سے خارج کردے گی۔ شام اور عراق کے بحران سے ہندوستان کو تیل کی سربراہی متاثر ہوگی۔ سعودی عرب کے بعد ہندوستان کو شام اور عراق سے ہی سب سے زیادہ تیل سربراہ کیا جاتا ہے۔