دولت اسلامیہ پاکستان سے نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرسکتی ہے ؟

اسلام آباد ۔23 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ کے تعلق سے اب یہ اندیشے پائے جارہے ہیں کہ وہ پاکستان سے جلد ہی عام تباہی کے ہتھیار حاصل کرلے گا ۔ پروپگنڈہ میگزین ’’دبیق‘‘ کی تازہ ترین اشاعت میں دولت اسلامیہ نے عالمی سطح پر یہ انتباہ دیا ہیکہ وہ اندرون 12 ماہ اپنی پرتشدد سرگرمیوں میں اضافہ کرے گی جبکہ حقیقت بھی یہی ہے کہ دولت اسلامیہ کے تشدد میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ۔ دوسری طرف اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق اس قاتل گروپ کے بینک اکاؤنٹ میں کئی لاکھ ڈالرس موجود ہیں اور وہ اس بے پناہ دولت کا استعمال پاکستان کے بدعنوان عہدیداروں سے سازباز کرتے ہوئے نیوکلیئر ہتھیاروں کی خریداری میں کریں گے ۔ بہرحال حالانکہ دولت اسلامیہ نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ وہ دن اتنی جلدی آنے والا نہیں ہے تاہم اس کے باوجود اس کا کہنا ہے کہ اگر نیوکلیئر ہتھیار نہ سہی ، کم سے کم امونیم نائٹریٹ سے تیار شدہ دھماکو اشیاء وہ ضرور خریدیں گے ۔ دولت اسلامیہ کچھ ایسا بڑا کارنامہ کرنا چاہتی ہے جس سے اُس کے ماضی میں کئے گئے تمام ’’کارنامے ‘‘ بونے نظر آئیں اور اگر دیگر عسکریت پسند گروپس بھی اس میں شامل ہوجاتے ہیں تو پھر یہ بات طمانیت کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ دولت اسلامیہ کوئی بڑا ’’کارنامہ‘‘ انجام دے گی ۔ یہ خدشہ بھی پایا جاتا ہے کہ دولت اسلامیہ کے عسکریت پسند پالمیرہ کی قدیم اور تاریخی عمارتوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔ شام کے نوادرات کے سربراہ مامون عبدالکریم نے بھی انتباہ دیا ہے کہ آنے والے حالات بیحد خراب ہوسکتے ہیں کیونکہ دولت اسلامیہ کے عسکریت پسند اب کوئی نیا اور بڑا کارنامہ انجام دینا چاہتے ہیں ۔