دولت اسلامیہ میں ناکام بغاوت، 13 اعلیٰ کمانڈرس کو سزائے موت

لندن ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ کے 13 اعلیٰ سطحی قائدین بشمول 5 فوجی کمانڈرس کو آج ابوبکر البغدادی کے حکم پر ناکام بغاوت کے جرم میں سزائے موت دے دی گئی۔ لندن میں قائم عربی زبان العربی الجدید نامی روزنامہ کی خبر میں شامی اور عراقی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہیکہ دولت اسلامیہ نے بغاوت کی ایک سنگین کوشش ناکام بنادی جس کا مقصد البغدادی کو معزول کردینا تھا۔ 13 نامور کمانڈر بشمول 5 اعلیٰ سطحی فوجی کمانڈرس کو سازش میں ان کے کردار کی بناء پر سزائے موت دے دی گئی۔ بیشتر کمانڈرس جنہیں سزائے موت دی گئی شمالی افرقی عرب علاقہ، یمن، شام اور کویت کے متوطن تھے۔ ایک کرد اور ایک چیچن بھی تھا۔ خبر کے بموجب بغاوت ناکام کردی گئی لیکن اس سے دولت اسلامیہ کی فوجی کارروائیوں کی بنیاد پر تنظیم میں شدید اختلافات کا اظہار ہوتا ہے۔ جہادی گروپ شام، لیبیا اور افغانستان میں دولت اسلامیہ کی توسیع کے مخالف ہیں۔ عراقی ذریعہ کے بموجب سازش کے ذریعہ البغدادی کو شامی شہر رقہ میں قتل کیا جانے والا تھا لیکن بغاوت افشا ہوگئی جس کے بعد 10 اور 13 جون کے درمیان تمام سازشیوں کو سزائے موت دے دی گئی لیکن اس سے دولت اسلامیہ میں داخلی طور پر طاقتور دھکہ لگا ہے۔