سرقلم کرنا اور عصمت ریزیاں اسلام کے مغائر،اسامہ کے سابق ساتھی کا بیان
لندن۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اسامہ بن لادن کے ایک سابق قریبی ساتھی نے برطانوی مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شام میں خودساختہ جہاد کیلئے دولت اسلامیہ میں شامل نہ ہوں ۔ انہوں نے دولت اسلامیہ کی جانب سے سرقلم کرنے اور عصمت ریزیوں کی مذمت کرتے ہوئے اُسے مکمل طور پر اسلامی تعلیمات کے خلاف قرار دیا ۔ عبداللہ انس انتہائی سینئر سابق جہادی ہیں اور روسیوں کے خلاف افغان جہاد کی منصوبہ بندی کرنے والوں میں شامل تھے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے روزنامہ ’’سنڈے ٹائمز‘‘ سے کہا کہ دولت اسلامیہ خانہ جنگی کا استحصال کر کے اپنے ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے ۔ مجبور شامی شہریوں کی اس نے کوئی مدد نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جہاد ناجائز ہے ۔ انس نے اجتماعی سرقلم کرنے کی اور عصمت ریزیوں کی وارداتوں کو اسلامی تعلیمات کے مکمل طور پر برخلاف قرار دیتے ہوئے اُن کی مذمت کی اور کہا کہ قرآن مجید نے تلقین کی ہے کہ قیدیوں کے ساتھ دیگر مسلمانوں یا یتیم بچوںیا غریب عوام جیسا ہمدردانہ سلوک کیا جائے ۔ انہو ںنے نوجوان برطانوی مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دولت اسلامیہ کے پروپگنڈہ سے جو سوشل میڈیا پر کیا جارہا ہے متاثر نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنے شامی بھائیوں کی مدد نہیں کریں گے بلکہ دولت اسلامیہ کا آلہ کار بن کر اُن کا قتل کریں گے ۔