سنگاپور ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور سے ایک 51 سالہ شہری کو شام میں دولت اسلامیہ گروپ میں شامل ہونے کی کوشش کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ وزارت امورداخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں گرفتار شدہ شخص کی مصطفی بن سلطان علی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے، جسے داخلی سلامتی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق مصطفی مئی میں سنگاپور سے روانہ ہوا ھتا۔ ایک پڑوسی ملک روانہ ہونے کے بعد اس نے محض اپنی شناخت مخفی رکھنے کی غرض سے اس ملک سے ترکی کی فلائیٹ پکڑی۔ ترکی سرحد سے وہ شام میں داخل ہونے کوشاں تھا تاکہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں میں شامل ہوکر شانہ بشانہ لڑائی میں حصہ لے سکے۔ تاہم ترک حکام نے اسے وہیں روک لیا اور بعدازاں اسے دوبارہ سنگاپور روانہ کردیا گیا۔ تحقیقات کے بعد یہ انکشاف بھی ہوا ہیکہ مصطفی دہشت گردوں کے نظریات سے پوری طرح مرعوب ہوچکا تھا جن سے اس کا رابطہ آن لائن ہوا تھا۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ دولت اسلامیہ جنگجوؤں کی ہدایت پر مختلف حملے کرنے کی تیاریاں کررہا تھا جو مغربی تنصیبات پر کئے جانے والے تھے۔