لندن۔6اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) مشرقی لندن کی اسکولی طالبات کے ارکان خاندان جو بذریعہ طیارہ تقریباً دو سال قبل شام پہنچ گئی تھیں‘ اندیشہ ہے کہ جنگ زدہ ملک میں موت کا شکار ہوگئیں۔ ان طالبات کے ارکان خاندان کو لڑکیوں کی جانب سے ایک سال سے زیادہ عرصہ سے کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ قندیزا سلطانہ شام کے شہر رقہ میں ایک فضائی حملہ میں ہلاک ہوگئی تھی ۔ رقہ مشرق وسطی میں دولت اسلامیہ کا مستحکم گڑھ سمجھا جاتا تھا ۔ دیگر تین طالبات کے ارکان خاندان کو جن کا ربط ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے ذریعہ ان لڑکیوں سے قائم تھا 2016ء سے ان کے بارے میں کوئی معلومات حاصل کرنے سے قاصر ہے۔روزنامہ ’’سنڈے ٹائمز‘‘ کی اطلاع کے بموجب وہ بدترین صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوچکے ہیں اور انہیں اندیشہ ہے کہ ان کی رشتہ اسکولی لڑکیاں ہلاک ہوچکی ہیں ۔