دولتمند شخصیات کی عالمی فہرست میں پانچ ہندوستانی خواتین

نیویارک ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی دولتمند ترین شخصیات سے متعلق فوربس لسٹ میں پانچ ہندوستانی خواتین بھی اپنی جگہ بنائی ہیں۔ تازہ ترین فہرست میں 190 خاتون ارب پتی ہیں جو فہرست کا تقریباً 10 فیصد ہے۔ تاہم عالمی سطح پر دولتمند ترین افراد کی اس فہرست میں گذشتہ سال کے مقابلہ اس سال خواتین کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ رواں سال 1,810 ارب پتیوں کی فہرست میں 190 خواتین ہیں۔ 2015ء میں ان کی تعداد 197 تھی۔ اس طرح دولتمند شخصیات میں خواتین کی تعداد معمولی ہے جو 10 فیصد سے بھی کم ہے۔ دولتمند ہندوستانی خواتین میں ساوتری جندال ان کا خاندان 3.5 ارب امریکی ڈالرس کے ساھت 453 ویں مقام پر ہے۔ فوربس نے کہا کہ ساوتری جندال کی اوپی جندال گروپ کمپنیوں کے حصص کی شرحوں میں کمی کے سبب گذشتہ پانچ سال کے دوران ان کی دولت میں 10 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

3.1 ارب امریکی ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ اندوجین عالمی فہرست میں 549 ویں مقام پر ہیں۔ اندوجین میڈیا ادارہ بینٹ، کولمین اینڈ کمپنی کی سربراہ ہیں۔ 2.2 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ سمیتا کرشنا گودریج 810 ویں مقام پر ہیں۔ انہوں نے اس فہرست میں پہلی مرتبہ جگہ بنائی ہے۔ خود کو شہرت سے دور رکھنے والی دولتمند ہندوستانی خاتون لینا تیواری نے جو ذیابیطس اور امراض قلب سے متعلق دواساز کمپنی یو ایس وی کی مالک ہیں، 1.7 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ پہلی مرتبہ اس فہرست میں اپنا نام درج کروایا۔ انہیں 1067 واں مقام حاصل ہے۔ 1.1 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ونود گپتا 1577 ویں مقام پر ہیں۔ وہ قیمت رائے گپتا کی بیوی ہیں۔ قیمت رائے کا نومبر 2014ء میں انتقال ہوگیا تھا اور وند کو ہائیویلس انڈیا الیکٹریکل کمپنی کے حصص آنجہانی شوہر کے ورثے میں ملے تھے۔ ’لا اوریئل‘ کی ’گرینڈ ڈیم‘ لیلیاں بیئن کورٹ اور ان کے بچوں کو 36.1 ارب ڈالر کے ساتھ خواتین کی عالمی فہرست میں پہلا اور مشترکہ فہرست میں 11 ویں مقام حاصل ہے۔