دور حاضر میں قانون حق معلومات کا فقدان، عوام کو دشواریاں

سینئر جج و سکریٹری میٹرو پولیٹن لیگل سرویس اتھاریٹی پریما راجیشوری کا خطاب
حیدرآباد 9 نومبر (سیاست نیوز) سینئر جج و سکریٹری میٹرو پولیٹن لیگل سرویس اتھاریٹی شریمتی پریما راجیشوری نے کہاکہ آئندہ ماہ 6 ڈسمبر کو ’’نیشنل لوک عدالت‘‘ منعقد ہوگی تاکہ عدلیہ میں زیرتصفیہ مقدمات کی بروقت یکسوئی کرتے ہوئے غریب اور معصوم افراد کے ساتھ انصاف کیا جاسکے۔ وہ آج یہاں اتھاریٹی کے زیراہتمام نامپلی کریمنل کورٹ میں منعقدہ ’’نیشنل لیگل سرویس ڈے‘‘ کو مخاطب کررہی تھیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ دور حاضر میں قانون حق معلومات کا فقدان ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور عوام میں قانون حق معلومات سے متعلق بیداری شعور کروانا وقت کی ضرورت ہے۔ اس غرض سے نیشنل لیگ سرویس اتھاریٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ عوام کو قانون سے متعلق معلومات فراہم کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ قانون سے متعلق ناواقف معصوم اور غریب عوام کی رہبری کے لئے ایسے علاقے جہاں 5 ہزار آبادی واقع ہو وہاں ایک ’’لیگل کیر سپوٹ سنٹر‘‘ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس لیگل کیر سپوٹ سنٹر پر ایک ایڈوکیٹ کو متعین کیا جائے گا تاکہ سنٹر کے آس پاس کے علاقوں میں موجود افراد رجوع ہوکر قانونی مدد طلب کرسکیں جس کے ذریعہ غریب عوام کو کافی سہولت اور راحت نصیب ہوگی۔ شریمتی پریما راجیشوری نے بتایا کہ 6 ڈسمبر کو منعقد شدنی ’’نیشنل لوک عدالت‘‘ میں ہزاروں قدیم زیرتصفیہ مقدمات کی یکسوئی ممکن ہے اور قانون حق معلومات سے متعلق اسکول اور کالجس کے طلباء میں شعور بیداری پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری اے پی سی آر مسٹر عبدالجبار صدیقی نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ وہ 9 نومبر کو منعقد کئے جانے والے ’’نیشنل لیگل سرویس ڈے‘‘ کو بھی 26 جنوری کو یوم جمہوریہ اور 15 اگسٹ کو یوم آزادی کی طرح 9 نومبر کو بھی قومی دن منائے جانے سے متعلق قانون مدون کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ عدلیہ ایک اہم ستون ہے اور عدلیہ پر عوام انصاف کی بھرپور توقع رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کی صحیح رہبری کرے۔ اس موقع پر سینئر ایڈوکیٹ مسٹر تریگو ناتھم، فیملی کونسلر شریمتی جی شاردا ایڈوکیٹ نے بھی مخاطب کیا۔