مفتی محمد عظیم الدین کا عازمین کے قافلے کی روانگی سے قبل خطاب
حیدرآباد۔21 ستمبر (پریس نوٹ) حیدرآباد کے 350 عازمین پر مشتمل نواں قافلہ آج حج کیمپ سے سوئے حرم روانہ ہوا۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے اس قافلے کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ملک و قوم اور ریاست کی ترقی و خوشحال کیلئے دعا فرمائیں۔ اس طرح اب تک تلنگانہ حج کمیٹی کے زیراہتمام 3,050 عازمین حج سوئے حرم روانہ ہوچکے ہیں۔ مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے عازمین کو فضائل و مناسک حج و عمرہ سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ وہ دوران حج فسق و فجور اور لڑائی جھگڑے سے پرہیز کریں، ورنہ سارے اعمال اکارت ہوجائیں گے، یہ شرعی مسئلہ ہے اور تمام عازمین کو اس کا لحاظ رکھنا چاہئے۔ حج زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے اور بار بار موقع نہیں ملتا، اس لئے ہر ممکن اہتمام کیا جانا چاہئے۔ مدینہ منورہ میں دربار نبویؐ میں حاضری کے وقت ادب و احترام کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ دعاؤں، ذکر و اذکار، طواف اور تلاوت قرآن اور درود و سلام کی کثرت اور آپس میں تکرار بحث اور لڑائی جھگڑے سے پرہیز کریں۔ ایگزیکٹیو آفیسر ریاستی حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے عازمین پر سفر حج سے متعلق اُمور واضح کئے۔ کل پیر 22 ستمبر کو دو قافلے روانہ ہوں گے۔ کل دوپہر 12:25 پہلی فلائٹ ہے جس کے ذریعہ تلنگانہ کے 350 عازمین روانہ ہوں گے، جن میں حیدرآباد کے 224، عادل آباد کے 18، کریم نگر کے 5 ، کھمم کے 16، محبوب نگر کے 8، میدک کے 7، نلگنڈہ کے 7 ، نظام آباد کے 38، رنگاریڈی کے 21 اور ورنگل کے 10 عازمین شامل رہیں گے۔ دوسرا قافلہ رات 7:25 بجے پرواز کرے گا جس میں آندھرا کے 350 عازمین شامل رہیں گے۔