جامع مسجد دارالشفاء میں تربیتی اجتماع، پروفیسر ایس اے شکور اور علماء کا خطاب
حیدرآباد۔ 8؍جون (پریس نوٹ)۔ جناب ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے جامع مسجد دارالشفاء میں حج کمیٹی کے دوسرے تربیتی اجتماع میں عازمین حج سے حج کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے تمام عازمین حج سے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح بھی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے اچھے سے اچھے انتظامات کئے جائیں گے اور عازمین کو مشورہ دیا کہ حج کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ تھوڑی بہت تکالیف اگر کسی مرحلہ پر درپیش ہوں تو برداشت کریں اور آتے وقت کم از کم سامان ساتھ لائیں۔ خواتین سے گزارش کی گئی ہے کہ کسٹم کے قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ساتھ وہ سونے کے بسکٹ وغیرہ ساتھ نہ لائیں۔ انھوں نے کہا کہ حج کے دوران اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے عازمین کے لئے ہر سہولت فراہم کی جاتی ہے اور حج کمیٹی کے خادم الحجاج بھی عازمین کی خدمات کے لئے حج کمیٹی انتخاب کرچکی ہے اور وہ بھی حج کے دوران عازمین کی رہنمائی کے لئے موجود رہیں گے۔ اس تربیتی اجتماع کی کارروائی جناب عبدالرؤف خان نے چلائی۔ مولانا مفتی انعام الرحمن جمیل نے فضائل حج بیان کئے اور مفتی مولانا صادق محی الدین فہیم نے حج کے پانچ ایام بیان کئے۔ جناب اشفاق علی حسامی نے احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ کیا اور اس کے شرائط پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مولانا مفتی تجمل حسین نے مناسک حج و عمرہ اور حج کے فرائض پر روشنی ڈالی۔ مولانا مفتی محبوب شریف نظامی نے آدابِ زیارت مدینۂ منورہ بیان کئے۔ جناب عرفان شریف ای او حج کمیٹی نے نعت شریف پیش کی اور محمد فاروق علی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس اجتماع میں عازمین مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جامع مسجد دارالشفاء اپنی تنگ دامنی کا شکوہ پیش کررہی تھی۔ حج کمیٹی کے عہدیداران جناب عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر، جناب رفیع قریشی، عبدالکبیر، محمد جانی، عابد، خواجہ نصیرالدین، عرفان حسامی اور دیگر ملازمین حج کمیٹی نے عازمین کی رہبری کی۔ آخر میں جناب محمد فاروق علی حسامی نے شکریہ ادا کیا۔