دودھ میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات ناگزیر

حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) دودھ میں ملاوٹ کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالا جانا ضروری ہے۔ پروگریسیو ڈیری فارمرس اسوسی ایشن آف تلنگانہ نے جی ایچ ایم سی اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹانڈرڈز اتھاریٹی آف انڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ تمام برانڈز کے دودھ کے نمونے وقفہ وقفہ سے حاصل کرتے ہوئے ان کا معائنہ کریں۔ جنرل سکریٹری اسوسی ایشن کے بال ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محض زیادہ منافع کی خاطر دودھ میں زہریلے کیمیائی اجزاء کی ملاوٹ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5تا7ستمبر ہائی ٹیکس میں جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے ڈیری شو کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ انہوں نے سال 2011کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 70 فیصد دودھ ملاوٹ شدہ استعمال کیا گیا۔ اگر حکومت باقاعدہ معائنے یقینی بنائے تو بہت جلد بغیر ملاوٹ کا دودھ فراہم ہوسکے گا۔

ٹی آر ایس حکومت کے من مانی فیصلوں سے عوام کو مشکلات: ہنمنت راؤ
حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے سستی شراب پالیسی سے حکومت کی دستبرداری کو تلنگانہ عوام کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی نبض پہچاننے میں ناکام ہوگئی ہے اور من مانی فیصلے کرتے ہوئے عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستی شراب کو عام کرنے کی حکومت کی پالیسی کے خلاف کانگریس نے احتجاجی مہم شروع کی تھی۔
دیگر اپوزیشن جماعتوں اور خاتون تنظیموں نے بھی احتجاج شروع کردیا اور یہ بڑی تحریک بننے جارہی تھی لیکن حکومت نے آج کابینہ کے اجلاس میں اس پالیسی سے دستبرداری کا فیصلہ کرلیا ہے۔