دوبہ دو پروگرام کو نئی جہت:جناب زاہد علی خاں

مستقبل میں بھی خصوصی نوعیت کے پروگرام رکھنے ایڈیٹر سیاست کا اعلان
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (دکن نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج خواتین کے دوبدو ملاقات پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اظہار خوشنودی کرتے ہوئے کہاکہ پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں مائیں اور بہنیں اور خود لڑکیوں کی شرکت سے دوبدو پروگرام کو ایک نئی جہت حاصل ہوئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آئندہ بھی بہت جلد اس نوعیت کا پروگرام منعقد کیا جائے گا تاکہ والدین و سرپرستوں کے رشتے طے کرنے میں آسانی ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ آج کے پروگرام میں لڑکیوں کی موجودگی پر کئی والدین نے اظہار اطمینان کیا اور اس طریقہ کار کی ستائش کی۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ سیاست و ایم ڈی ایف کی تحریک کا مقصد مسلم معاشرہ کو درپیش اس مسئلہ کو حل کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں کئی والدین اپنی لڑکیوں کی شادیاں طے نہ ہونے پر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اسی طرح لڑکوں کے والدین بھی یکساں طور پر اس مسئلہ سے دوچار ہیں۔ ہمارا مقصد یہی ہے کہ فکرمند والدین کی ذہن سازی کی جائے اور ان کے بچوں کے رشتے طے کرنے میں تعاون و اشتراک کیا جائے۔ اُنھوں نے سیاست اور ایم ڈی ایف کے کارکنوں کو اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام کا اہتمام ملت اسلامیہ کے لئے کارآمد اور کارگر ثابت ہوگا۔