دوبہ دو پروگرام کو نئی جہت:جناب زاہد علی خاں

مستقبل میں بھی خصوصی نوعیت کے پروگرام رکھنے ایڈیٹر سیاست کا اعلان
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (دکن نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج خواتین کے دوبدو ملاقات پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اظہار خوشنودی کرتے ہوئے کہاکہ پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں مائیں اور بہنیں اور خود لڑکیوں کی شرکت سے دوبدو پروگرام کو ایک نئی جہت حاصل ہوئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آئندہ بھی بہت جلد اس نوعیت کا پروگرام منعقد کیا جائے گا تاکہ والدین و سرپرستوں کے رشتے طے کرنے میں آسانی ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ آج کے پروگرام میں لڑکیوں کی موجودگی پر کئی والدین نے اظہار اطمینان کیا اور اس طریقہ کار کی ستائش کی۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ سیاست و ایم ڈی ایف کی تحریک کا مقصد مسلم معاشرہ کو درپیش اس مسئلہ کو حل کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں کئی والدین اپنی لڑکیوں کی شادیاں طے نہ ہونے پر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اسی طرح لڑکوں کے والدین بھی یکساں طور پر اس مسئلہ سے دوچار ہیں۔ ہمارا مقصد یہی ہے کہ فکرمند والدین کی ذہن سازی کی جائے اور ان کے بچوں کے رشتے طے کرنے میں تعاون و اشتراک کیا جائے۔ اُنھوں نے سیاست اور ایم ڈی ایف کے کارکنوں کو اس پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرام کا اہتمام ملت اسلامیہ کے لئے کارآمد اور کارگر ثابت ہوگا۔

سیاست و ایم ڈی ایف کے دوبدو پروگرام کی جـھـلکـیـاں
٭ دوبدو ملاقات پروگرام میں آج 5000 ہزار سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ جن میں مضافات اور اضلاع سے آئی ہوئی خواتین بھی شامل ہیں۔
٭ سیاست و ایم ڈی ایف کے زیراہتمام پہلی مرتبہ شہر حیدرآباد میں صرف خواتین کے لئے یہ پروگرام رکھا گیا تھا جس میں مرد حضرات کا داخلہ ممنوع تھا۔
٭ خواتین کے ہمراہ لڑکیوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
٭ لڑکوں کے سرپرستوں کو نشاندہی کے لئے زرد ربن اور لڑکیوں کے سرپرستوں کیلئے سبز ربن لگائے گئے تھے۔
٭ خواتین کے بے پناہ ہجوم کے پیش نظر ایمپیرئیل گارڈن کے انتظامیہ نے فوری طور پر صحن میں شامیانہ نصب کیا۔
٭ لڑکوں اور لڑکیوں کے سرپرستوں کے لئے راؤنڈ ٹیبل بچھائے گئے تھے تاکہ انھیں باہمی مشاورت میں سہولت ہوسکے۔
٭ پہلی مرتبہ صرف خاتون مقررین نے مخاطب کیا۔ پروگرام کی ترتیب اور کارروائی کے لئے باصلاحیت خواتین کا انتخاب کیا گیا۔
٭ ٹولی چوکی کی شاہراہ پر بڑی دیر تک ٹریفک جام رہی اور ٹریفک بندوبست کے لئے پولیس کو طلب کرنا پڑا۔
٭ دوبدو پروگرام کے لئے 10 بجے دن تا 4 بجے شام کا وقت دیا گیا تھا لیکن والدین کے اصرار پر مزید دو گھنٹے کی توسیع کی گئی اور پروگرام کا اختتام 6 بجے شام عمل میں آیا۔
٭ ہال میں اسکرین نصب کیا گیا تھا جس پر لڑکوں کی تصاویر مشاہدہ کے لئے پیش کی جارہی تھی۔ کئی خواتین نے اس نوعیت کے پروگرام کے انعقاد پر جناب ظہیرالدین علی خاں، جناب عابد صدیقی کو مبارکباد دی۔
٭ دوبدو پروگرام میں آج جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ شرکت کی۔ وہ بطور خاص وقارآباد میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے بعد سیدھے ایس اے ایمپرئیل گارڈن پہونچے۔ ان کی آمد پر شرکاء نے پرجوش خیرمقدم کیا۔