دوبدو پروگرام ‘ملت اسلامیہ کے مسائل کی یکسوئی کی سمت مستحسن قدم

حیدرآباد ۔ 22 ؍ فبروری ( دکن نیوز)ادارہ سیاست و مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم اور سیرت الزہرہ کمیٹی کے زیر اہتمام شیعہ برادری کیلئے منعقدہ 39 واں دوبدو ملاقات پروگرام آج رات 10 بجے اختتام کو پہنچا جس میں تقریبا 2000 ہزار والدین و سرپرستوں نے شرکت کی ۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے دوبدو پروگرام کی صدارت کی۔ حجۃ الا اسلام مولانا شان حیدر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دوبدو پروگرام ملت اسلامیہ کو در پیش ایک سنگین مسئلہ کو حل کرنے کی سمت انتہائی مستحسن اقدام ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ اس پروگرام کو شیعہ علماء کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے ۔ انہو ںنے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرہ کی اصلاح کیلئے اپنی سونچ و فکر میں تبدیلی لائیں ‘علامہ نے اس موقع پر اُمت میں اتحاد اور باہمی میل جول کو ناگزیر قرار دیا۔ نواب سید اصغر حسین مہمان خصوصی نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی ذمہ داری والدین پر ہے ۔ انہوں نے رشتوں کے انتخاب میں اسلامی تعلیم کو بنیاد بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دوبدو ملاقات پروگرام مسلم معاشرہ کیلئے ایک سنگ میل ہے جس کیلئے وہ ادارہ سیاست اور مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے ذمہ داروں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ شیعہ لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کو طئے کرنے کیلئے یہ دوسرا پروگرام منعقد کیا گیا اس کا مقصد والدین و سرپرستوں کو رشتے طئے کرنے میں سہولتیں و آسانی پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کردہ شادی مبارک اسکیم کیلئے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے اور ساتھ ہی عوام شعور کی بیداری کیلئے تشہیری کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوبدو پروگرام نہ صرف حیدرآباد بلکہ بیرونی ملکوں میں بھی مقبولیت حاصل کررہا ہے ۔ انہو ںنے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے ذریعہ بآسانی رشتے طئے ہوں گے ۔ سید علی رضا صدر سیرت الزہرہ کمیٹی نے کہا کہ ادارہ سیاست نے تمام مسلم طبقات میں اتحاد اور میل جول پیدا کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں چنانچہ شیعہ برادری کیلئے دوبدو پروگرام ایک شاندار کوشش ہے ۔ جلسہ کا آغاز شاعراہلبیت الحاج عباس رضوی سعید کی قرائت کلام پاک سے ہوا ۔ دوبدو ملاقات پروگرام کے موقع پر سید ابراہیم کفیل ایڈیٹر ہندوستان جیوتی نے شرکاء میں سوائن فلو کی دوا تقسیم کی اور اُن کے ہمراہ اقبال احمد انصاری بھی تھے ۔ دوبدوملاقات پروگرام میں آج خاص طور پر اسکرین آویزاں کیا گیا جس پر لڑکوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹو کا مشاہدہ کروایا گیا ۔ والدین و سرپرستوں نے اس نئے سسٹم کی ستائش کی ۔ دوبدو پروگرام میں ذاکر اہلبیت مولانا سید علی مرضی ‘ڈاکٹر عباس محمد اظہر الدین ‘میر حسن موسوی‘نوشاد رضا‘ مرزا محمد حسن کے علاوہ دیگر معززین نے شرکت کی ۔ ایم اے قدیر‘ڈاکٹر ایوب حیدری ‘ محمد خواجہ معین الدین‘ میر انور الدین ‘ سید اصغر حسین‘ صالح بن عبداللہ باحازق ‘ کوثر جہاں ‘ریحانہ نواز‘ثانیہ ‘ محمد شاہد حسین ‘سید ناظم الدین‘ احمد صدیقی میکش‘ محمد نصر اللہ خان ‘عبدالصمد خان‘زاہد فاروقی ‘ محمد احمد اور دوسروں نے انتظامات کی نگرانی کی ۔ محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے سیرت الزہرہ کمیٹی علی رضا ‘ نواب اصغر حسین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا ۔ دوبدو پروگرام جو بعد مغرب آغاز ہوا اور رات 10 بجے اختتام کو پہنچا ۔