حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : 33 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کے سلسلہ میں مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے عہدیداروں و ارکان کا مشاورتی اجلاس 8 جولائی 4-30 بجے شام دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست عابڈز پر مقرر ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ اجلاس میں آئندہ اتوار 13 جولائی کو ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی روڈ میں منعقد ہونے والے دوبدو ملاقات پروگرام کو قطعیت دی جائے گی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ والدین و سرپرستوں کے بے حد اصرار پر ماہ رمضان میں یہ پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ۔ کئی والدین نے یہ استدلال پیش کیا ہے کہ عام طور پر رمضان میں بیرونی ملک برسر روزگار مسلم لڑکے و لڑکیاں عید کے سلسلہ میں حیدرآباد آتے ہیں اور عید کے بعد بھی رشتوں کا انتخاب ہوجائے تو شادی انجام پانے میں سہولت ہوسکتی ہے ۔ اسی بناء پر ایم ڈی ایف نے خصوصی دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔