٭ دوبدو ملاقات پروگرام ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے آئیڈئیل انفارمیشن سنٹر کے تعاون و اشتراک سے لکڑکوٹ (چھتہ بازار) پر معذورین کے لئے رکھا، نہایت کامیابی و کامرانی کے ساتھ 5 بجے شام اختتام پذیر ہوا۔
٭ اس پروگرام میں چار معذورین کے رشتے اُصولی طور پر طے پائے۔ ایک رشتہ طے ہونے کا والدین نے باقاعدہ طور پر اعلان کیا۔
٭ ملک اشرف علی خان کا رشتہ مس ذاکرہ بنت محمد خواجہ معین الدین سے طے پایا۔ یہ دونوں بھی سماعت سے محروم ہیں۔ دونوں کے والدین کو رشتہ کے طے ہونے پر جناب ظہیرالدین علی خاں، ڈاکٹر خالد مبشرالظفر، جناب عابد صدیقی، جناب تبریز بخشی اور آئی آئی سی ڈی کے ذمہ داروں و اراکین نے دلی مبارکباد دی۔
٭ دوبدو پروگرام میں لڑکیوں کے 27 اور لڑکوں کے30 رجسٹریشن کروائے گئے۔
٭ اسلامک سنٹر لکڑکوٹ کا آڈیٹوریم حاضرین مرد و خواتین اور نوجوانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
٭ معذور لڑکوں و لڑکیوں کے والدین اُمید و بیم کے ساتھ بادیدۂ نم اپنے بچوں کے رشتوں کو طے کرنے کے لئے بے چین و بے قرار نظر آرہے تھے۔
٭ کئی شرکاء نے ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف کی کاوشوں پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہر کے علاوہ اضلاع اور دیگر ریاستوں سے بھی کالس موصول ہوئے۔
٭ نوجوان موٹر سیکل اور ان کی خصوصی سواریوں کے ذریعہ اسلامک سنٹر لکڑکوٹ پہونچتے ہوئے دیکھے گئے۔
٭ اس دوبدو پروگرام کی خاص بات یہ بھی رہی کہ ہر دو طرف کے والدین خواہشمند تھے کہ کسی نہ کسی طرح رشتہ طے پا جائے۔