نئی دہلی،6 ستمبر(یو این آئی) سپریم کورٹ نے ایسار گروپ کے پروموٹر اور ٹوجی اسپیکٹرم الاٹمنٹ گھپلے کے ملزم روی کانت روئیاکی ملک سے باہر جانے کی عرضی کو آج یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ وہ ایک بار دھوکہ کھاچکا ہے اب نہیں کھائے گا۔جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس ارون کمار مشرا کی بنچ نے روئیا کی عرضی کی سماعت کے دوران کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ اس کا تجربہ اچھا نہیں رہا ہے ۔ حال ہی میں ایک ملزم ملک سے باہر گیا او رواپس نہیں لوٹا۔ عدالت کا اشارہ شراب کے تاجر وجے مالیا کی طرف تھا ۔ عدالت عظمی نے کہا کہ ایک بار دھوکہ کھاچکے ہیں اب نہیں کھائیں گے ۔روئیا نے کاروبار کے سلسلے میں دو ماہ کے لئے کناڈا’ سعودی عرب ‘ برطانیہ اور روس جانے کی اجازت مانگی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقامات پر ان کا بزنس لنک ہے ۔ ساتھ ہی یہ دلیل بھی دی ہے کہ وہ اس معاملے میں صرف دھوکہ دہی کے ملزم ہیں’ ان پر کوئی معاملہ نہیں ہے ڈ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ عدالت انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے چکا ہے اور اس مرتبہ بھی انہیں جو حکم دیا جائے گا اس پر وہ عمل کریں گے ۔سی بی آئی نے عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر روئیا کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تو خدشہ ہے کہ وہ واپس نہ آئیں ۔ کیوں کہ وہ ایک این آر آئی ہیں۔