دوبارہ اقتدار ملنے پر کے سی آر کو محمد سلیم کی مبارکباد

حیدرآباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ و رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کو گلدستہ پیش کیا اور اقلیتوں کی ترقی کے بارے میں چیف منسٹر کے اعلانات پر اظہار تشکر کیا۔ محمد سلیم نے کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ سے ملاقات کی اور بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ہریش راؤ نے ایک لاکھ 30 ہزار جبکہ کے ٹی آر 89 ہزار کی اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ تلنگانہ بھون میں محمد سلیم نے چیف منسٹر کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین سے ملاقات کی اور دوبارہ اقتدار ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار اور کارگذار ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے بھی محمد سلیم نے ملاقات کی۔ محمد سلیم نے اپنے بیان میں کہاکہ کے سی آر نے گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں تمام طبقات کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں، اُسے عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ مہا کوٹمی کو عوام نے جس طرح مسترد کیا وہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اپوزیشن نے متحد ہوکر ٹی آر ایس کو بیدخل کرنے کی سازش کی تھی لیکن عوام نے اِس سازش کو ناکام بنادیا۔ محمد سلیم نے کہاکہ اقلیتوں نے حکومت کی مکمل تائید کی ہے۔ ملک کی کوئی ریاست ایسی نہیں جہاں تلنگانہ کی طرز پر ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اقلیتوں کے لئے 2 ہزار کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا۔ اِس کے علاوہ ائمہ اور مؤذنین کے لئے ماہانہ اعزازیہ، شادی مبارک اور اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے سی آر کے کارنامے ہیں۔ محمد سلیم نے رائے دہندوں بالخصوص اقلیتوں سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے ٹی آر ایس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے دوبارہ اقتدار سونپا ہے۔ محمد سلیم نے مسلمانوں کو یقین دلایا کہ کے سی آر تحفظات میں اضافہ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور مرکزی حکومت پر دباؤ بناتے ہوئے دستور میں ترمیم کی راہ ہموار کریں گے۔