دوبئی ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد جو آنے والے ویزا معافی اسکیم کے ذریعہ اپنا موقف باقاعدہ بنانا چاہتے ہیں کیلئے 6 ماہ کا عارضی ویزا حاصل کرنے کی درخواست کا اختیار ہوگا ۔ دوبئی میں روزگار تلاش کرنے کیلئے ان غیرمقیم افراد کو 6 ماہ کا ویزا دیا جائے گا ۔ اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں کئی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔روزگار تلاش کرنے والوں میں سے اولین ترجیح انہیں دی جائے گی جنہوں نے پہلے ہی وزارت انسانی وسائل کے پاس روزگار تلاش کرنے والوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا ہو ۔ تاہم اگر انہیں 6 ماہ کے اندر روزگار نہ ملے تو انہیں ملک چھوڑدینا ضروری ہوگا ۔ بریگیڈر جنرل خلف الغوتی اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل رہائشی و خارجی امور دوبئی نے بتایا کہ عام معافی کی درخواست دینے والوں کی مدد کی جائے گی ۔ ال اویر امیگریشن سنٹر پر عام معافی کیلئے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں ۔ اس کے لئے دو شامیانے نصب کئے گئے ہیں جہاں 3000 کی گنجائش ہوگی ۔ اس سنٹر پر غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی درخواستیں قبول کی جائیں گی اور انہیں یکم اگست سے 3 ماہ کی عام معافی اسکیم سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ دوبئی حکمراں نے کئی ترقیاتی اور راحت کے اقدامات شروع کئے ہیں۔