ویلنگٹن۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امارات کی ایک ایربس A380 نے آج نیوزی لینڈ کے آکلینڈ ایرپورٹ پر لینڈنگ کی جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ دُنیا کی طویل ترین نان اِسٹاپ کمرشیل فلائٹ ہے جس نے دوبئی سے 14,200 کیلومیٹر کا فاصلہ طئے کیا۔ انڈسٹری ویب سائٹ airwaysnews.com نے بتایا کہ اس طرح قنطاس کی سڈنی تاڈلاس 13,800 کیلومیٹر کی نان اِسٹاپ کمرشیل فلائٹ کا ریکارڈ توڑ دیا گیا جسے 2014ء میں لانچ کیا گیا تھا۔ ویب سائٹ میں بھی بتایا گیا کہ مسافروں کے لئے بھی بغیر کسی توقف کے 17 گھنٹے 15 منٹ فضاء میں گزارنے کا یہ نیا ریکارڈ ہے۔ بہرحال یہ ریکارڈ شاید مستقبل قریب میں ٹوٹ جائے گا کیونکہ دوبئی۔ پناماسٹی نان اسٹاپ فلائٹ کا جاریہ ماہ افتتاح ہونے والا ہے جو اپنا فضائی سفر 17 گھنٹے اور 35 منٹ میں مکمل کرے گا۔ امارات نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ طوالت کے زمرہ میں یہ دنیا کی طویل ترین فضائی روٹس میں سے ایک ہے۔ دریں اثناء نیوزی لینڈ کے وزیر ٹرانسپورٹ سائمن بریجس نے کہا کہ نان اسٹاپ فضائی کے سرویس متعارف کرتے ہوئے کم سے کم تین گھنٹوں کی بچت ہورہی ہے اور اس طرح نیوزی لینڈ دنیا کے دیگر ممالک سے رابطہ کے موقف میں بہتری پیدا ہوئی ہے۔