حکومت کی ذمہ داری سے راہ فراری ، پیٹلہ برج میٹرینٹی ہاسپٹل کی حالت قابل رحم
حیدرآباد۔3فروری(سیاست نیوز) دواخانو ںمیں عدم صفائی مریضوں کی زندگی سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ شہر کے سرکاری دواخانوں کی حالت سے ہر کوئی واقف ہے اور خود حکومت اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ سرکاری دواخانوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اسے بہتر بنانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے لیکن انہیں بہتر بنانا خود حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری سے حکومت کا فرار اختیار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کا اعتراف مگرمچھ کے آنسو کے سواء کچھ نہیں ہے۔ ہائی کورٹ سے متصل قدیم وکٹوریہ زچگی خانہ کی پیٹلہ برج منتقلی کے بعد سمجھا جا رہا تھا کہ سرکاری زچگی خانہ کی حالت میں بہتری پیدا ہوگی لیکن گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج جہاں روزانہ 800کے قریب مریض پہنچتے ہیں جن کا آؤٹ پیشنٹ کی حیثیت سے علاج کیا جاتا ہے وہیں اس دواخانہ میں شریک مریضوں کی تعداد 200کے قریب ہوتی ہے لیکن دواخانہ کی موجودہ حالت انتہائی قابل رحم ہے۔ دواخانہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 5روپئے کھانے کی اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے لیکن صفائی کے معاملہ میں دواخانہ کا جائزہ لیا جائے تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ اس دواخانہ میں علاج کیلئے پہنچنے والوں کو دوسرا کوئی چارہ نہیں ہے صرف اسی لئے وہ اس دواخانہ میں علاج کروانے پر مجبور ہیں۔ گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل میں ڈرینیج لائن کے پھٹ پڑ نے سے باب الداخلہ سے ہی بدبو و تعفن پھیل رہا ہے اور گندے پانی کی گندگی کے سبب مریضوں کے ساتھ ساتھ عملہ کا چلنا پھرنا بھی انتہائی دشوار ہو چکا ہے اس سلسلہ میںجی ایچ ایم سی کے عملہ کو مطلع کئے جانے پر ان کا کہنا ہے کہ ڈرین کی صفائی ان کی نہیں بلکہ واٹر ورکس کی ذمہ داری ہے لیکن واٹر ورکس کے عہدیدار عملہ کی عدم دستیابی کا بہانہ کرتے ہوئے ڈرین کی صفائی کے عمل کو ٹال رہے ہیں۔ دواخانہ میں شریک خواتین کے رشتہ دار جو دواخانہ کے صحن میں بیٹھا کرتے تھے وہ ڈرینیج کے ابل پڑ نے کے سبب پھیلنے والے تعفن کو برداشت نہیں کرپا رہے ہیں۔ گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل میں خدمات انجام دینے والے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ دواخانہ میں پہلے ہی موسی ندی سے اٹھنے والے تعفن کے سبب مریضوں اور ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اب جبکہ دواخانہ کے ڈرینیج نظام میں خرابی پیدا ہوچکی ہے تو ایسی صورت میں دواخانہ میں شریک مریضوں کے علاج کے بجائے انہیں بیماریوں میں مبتلاء کرنے کی جگہ میں یہ دواخانہ تبدیل ہو جائے گا۔ ماہرین اطفال کے بموجب زچگی خانہ میں صفائی کے متعلق موجودہ صورتحال سے نو مولود بچوں اور زچہ خواتین دیگر امراض میں مبتلائے ہو سکتی ہیں اسی لئے فوری طور پر دواخانہ میں صفائی کے معیاری انتظامات کئے جانے چاہئے ۔