حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) شہر میں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے اور آئے دن گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے۔جاریہ ماہ کے درمیان موسم سرما کی شدت میں بتدریج ریکارڈ کی جانے والی کمی کے بعد اب شہر میں تیزی سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے بموجب ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور دن کے وقت 2تا3 ڈگری سیلسیس کا اضافہ گرمی کی شدت میں اضافہ کا سبب بنتا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا کیونکہ جنوری کے آخری ہفتہ کے دوران درجہ حرارت 28اور29ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب آئندہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت 30ڈگری سے تجاوز کرجائے گا جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس ہونے لگے گا۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع اور شہر حیدرآباد میں رات کے وقت درجہ حرارت میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور مجموعی اعتبار سے رات کے وقت درجہ حرارت 17تا18ڈگری ریکارڈ کیا جا رہا ہے لیکن آئندہ ہفتہ کے دوران اس میں بھی اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔محکمہ موسمیات کے بموجب درجہ حرارت میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے موسم گرما میں بھی شدت کی توقع کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ موسم گرما کے دوران گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات اختیار کرنے پڑیں گے۔ شہر حیدرآباد کے پڑوسی اضلاع میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محبوب نگر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت اتوار کو ریکارڈ کیا گیا اور اس علاقہ میں درجہ حرارت 34ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔شہر حیدرآباد میں ابھی تک درجہ حرارت 31اور 32ڈگری کے درمیان ہی ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران یہی درجہ حرارت برقرار رہے گا۔