بنگلور،4جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر اور سینئر کانگریسی لیڈر دنیش گنڈو راو کو کرناٹک کانگریس کا ریاستی صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے یہاں جاری ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے دنیش گنڈو راو کو ریاستی کانگریس پارٹی کا صدر اور ایشور کھاندرے کو ایگزیکٹیو صدر بنایا ہے۔ دنیش گنڈو راو نے ڈاکٹرجی پرمیشورا کی جگہ لی ہے جو جنتادل (سیکولر) ۔کانگریس اتحادی حکومت میں نائب وزیراعلی بنائے گئے ہیں۔ اشوک گہلوت نے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے ڈاکٹر پرمیشورا کے کام کی تعریف کی ہے جنہوں نے مسلسل آٹھ برسوں تک پارٹی کے لئے سخت محنت کی اور اس کے پیش نظر انہیں پارٹی کے ریاستی سربراہ کی ذمہ داری سے آزاد کردیا گیاہے ۔ ریاست کے سابق وزیراعلی آر گنڈو راو کے بیٹے دنیش گنڈو دنیش گنڈو راو اس سے پہلے پارٹی کے ایگزیکٹیو صدر رہ چکے ہیں۔ وہ مئی میں ہوئے انتخابات میں گاندھی نگر اسمبلی حلقہ سے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔
سونالی بندرے بیہل ’’ہائی گریڈ‘‘ کینسر سے متاثر
ممبئی۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ سونالی بندرے بیہل نے آج اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ ’’ہائی گریڈ‘‘ کینسر سے متاثر ہے اور فی الوقت نیویارک میں علاج کروارہی ہیں۔ 43 سالہ اداکارہ نے اس مرض کو پیچیدہ نوعیت کا قرار دیا لیکن کہا کہ ان کا خاندان اور قریبی دوست ان کے ساتھ ہیں اور وہ اس مشکل وقت میں پرامید ہیں۔ سونالی نے ایک بیان میں کہا کہ ’’بسا اوقات زندگی غیر متوقع طور پر پیچیدگیوں سے ہمکنار ہوجاتی ہے۔ حال میں میری تشخیص ایک ’’ہائی گریڈ‘‘ کینسر میں مبتلا ہونے کے طور پر کی گئی ہے۔ میری فیملی اور قریبی دوست میرے ساتھ ہیں اور وہ مجھے بہترین مدد فراہم کررہے ہیں۔ میں ان تمام سے اظہار تشکر کرتی ہوں۔ ‘‘