دنیا کے 6 ممالک میں کوئی ہوائی اڈہ نہیں

روم ۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے 6 ممالک ایسے ہیں جہاں کوئی ایرپورٹ نہیں۔ ان میں سے ایک ملک اطالوی شہر روم کے مرکز میں واقع دنیا کا سب سے چھوٹا ملک وٹیکن سٹی ہے جو چاروں طرف سے دیواروں سے گھرا ہے۔ یہ اٹلی کے اندر ایک خودمختار ریاست ہے، جس کا مجموعی رقبہ 109 ایکڑ ہے اور جو ایرپورٹ سے محروم ہے تاہم لوگ یہاں اطالوی دارالحکومت کے ذریعہ آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ اسی طرح دنیا کا پانچواں چھوٹا ترین ملک سان مرینو کے اردگرد بھی اطالوی سرزمین ہے اور یہاں کے 33 ہزار سے زائد باسی ایرپورٹ سے محروم ہیں۔ ہوائی سفر کے لئے انہیں نو میل دور اٹلی کے ایک بین الاقوامی ہوائی اڈے کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ دنیا کا دوسرا چھوٹا ترین ملک مناکو بھی یوروپ میں وٹیکن کے قریب ہی واقع ہے اور وہاں تک پہنچنے کے لئے فرانس کے نائس انٹرنیشنل ایرپورٹ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہیکہ دنیا کے تیسرے اور چوتھے چھوٹے ممالک کے اپنے ایرپورٹس ہیں مگر پانچویں (سان مرینو، جس کا ذکر اوپر ہوچکا) اور چھٹے لیتحینسائن (سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ملک) اس سے محروم ہیں۔ یہاں کے باسیوں کو اپنے دارالحکومت سے 24 میل دور سوئٹزرلینڈ کے ایک ایرپورٹ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔