پاکستان کشمیر کے معاملے میں یکا و تنہا ، یو این میں ہندوستان کا موقف
اقوام متحدہ ۔24 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی اقوام متحدہ میں مسئلے کشمیر کو بین الاقوامی رنگ دینے کی مہینوں سے جاری کوششیں کوئی رنگ نہ دکھاسکیں ، کیونکہ عالمی ادارہ میں اقوام کی توجہ دہشت گردی کی بڑھتی لعنت سے لڑائی پر زیادہ مرکوز ہے ۔ ہندوستان کے مستقل نمائندے برائے اقوام متحدہ سید اکبرالدین نے کہا کہ بین الاقوامی برادری میں فکرمندی اس بات کی ہے کہ دہشت گردی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے جس کا ہندوستان کو بھی مسلسل سامنا ہورہا ہے ۔ اس پس منظر میں نواز شریف کی مسئلہ کشمیر پر مرکوز تقریر عملاً نظرانداز ہوگئی ۔ اکبرالدین نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ ابھی تک عام مباحث میں اگر 131 اقوام اپنی رائے ظاہر کرچکے ہیں تو ، اُن میں سے 130نے بنیادی مسئلہ کے طورپر اُس معاملہ کا حوالہ نہیں دیا جو پاکستان نے کیا ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ 90 فیصد سے زائد ممالک نے دہشت گردی کا صفایہ کرنے پر زور دیا ہے ۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ مملکتی وزیر برائے اُمور خارجہ ایم جے اکبر نے جنرل اسمبلی سیشن کے موقع پر مختلف باہمی اجلاس منعقد کئے جس میں اسی بات پر زور دیا گیا کہ ہندوستان دہشت گردی کا شکار ہورہا ہے ۔