دنیا کو مہلک اسلحہ نہیں امن چاہئے امن کے جہد کار انجن ریڈی

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : دنیا میں محبت کے ذریعہ ہی امن و امان قائم کیا جاسکتا ہے اور پیار و محبت انسان کی مثبت سوچ میں پوشیدہ ہوتے ہیں اگر ہم اپنی سوچ و فکر کو منفی سمت لے جائیں تو اس کا نتیجہ تباہی و بربادی کی شکل میں نکلتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر انجن نے کیا ۔ انہوں نے دفتر سیاست پہنچ کر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور اپنے امن مشن کے بارے میں بتایا ۔ بشیر باغ کے ساکن 50 سالہ مسٹر انجن نے جو مشرق وسطیٰ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ بتایا کہ آج ہندوستان میں نظریہ امن پھیلانے کی ضرورت ہے اور اسے تعلیم اور شعور کے ذریعہ ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں اسلحہ کی تیاری میزائیلس کے فروغ وغیرہ کے لیے اربوں کھربوں ڈالرس کا سرمایہ مشغول کرتے ہیں اگر دنیا میں امن و امان کے فروغ ، غربت و جہالت ، نا انصافیوں ، کرپشن اور بدعنوانیوں کے خاتمہ کے لیے اربوں کھربوں ڈالرس خرچ کئے جائیں تو کہیں کوئی جنگ و تنازعہ باقی نہیں رہے گا ۔ مسٹر انجن کے یوٹیوب پر یونیورسل کانسپٹ نامی ایک ویڈیو بھی دیکھا جاسکتا ہے جس میں انہوں نے امن کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ ان کی کوششوں کی سابق امریکی صدر بارک اوباما ، کرکٹر سچن تنڈولکر اور چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے بھی سراہا ہے ۔۔
دہلی سے وجئے واڑہ جانے والے ایرانڈیا کے طیارہ میں تکنیکی خرابی
نئی دہلی 28جون (یواین آئی )دہلی سے آندھراپردیش کے وجئے واڑہ جانے والے ایرانڈیا کے طیارہ میں تکنیکی خرابی پیداہوگئی ۔آج صبح 6.15بجے یہ طیارہ دہلی سے روانہ ہوا تاہم اس کے اُڑان بھرنے کے 20منٹ کے اندر ہی پائلٹ نے اس میں تکنیکی خرابی محسوس کی جس کے بعد چوکس پائلٹ نے اس طیارہ کی دوبارہ دہلی ایرپورٹ پر لینڈنگ کروائی جس کے بعد تمام مسافرین نے راحت کی سانس لی۔