دنیا کا سب سے طویل القامت کتا

لندن۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پالتو جانور رکھنے کے شوقین افراد تو بہت ہونگے لیکن ایک بر طانو ی جوڑا ایسا بھی ہے جن کے پاس دنیا کا سب طویل القامت کتا موجود ہے جسے دیکھنے والے نہ صرف حیران بلکہ خوفزدہ بھی ہو جاتے ہیں۔غیر معمولی جسامت کے مالک 76کلو گرام کے اس دیوقامت کتے کا نام میجر ہے جس کا قد 4فٹ3انچ تک ہے۔تین سالہ پالتو کتا مسٹر اینڈ مسز ولیمز کیساتھ برطانیہ میں ساؤتھ ویلز میں رہتا ہے جو اگر اپنی پچھلی ٹانگوں پر سیدھا کھڑا ہو جائے تو اس کا قد 8فٹ تک پہنچ جاتا ہے لیکن اگریہ اپنی چاروں ٹانگوں پر کھڑا ہو تو کندھوں سے اگلے پنجوں تک کی لمبائی چار فٹ تین انچ تک ہے جو اب تک کا سب بڑا کتا قرار دیا جارہا ہے۔کتے کے مالکان پر اْمید ہیں کہ گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈس ان کے پالتو کتے کودنیا کے سب سے طویل القامت کتے کے اعزاز سے نوازے گی۔

 

جنوبی سوڈان کے صدر کو
اقوام متحدہ کی وارننگ
جنیوا، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے آج جنوبی سوڈان کے صدر سالوا کیر کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی سیاسی تبدیلی امن معاہدے کے تحت ہونی چاہیے ۔صدر کیر نے کل نائب صدر اور اپنے حریف ریک مچار کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔مچار نے اس ماہ کے شروع میں ان کے اور صدر کیر کے حامیوں کے درمیان ہوئے تشدد کے بعد دارالحکومت جوباکو چھوڑ دیا تھا۔ اگست امن معاہدے کے تحت جنوبی سوڈان کی مسلح اپوزیشن کی طرف سے نائب صدر کی تقرری لازمی ہے ۔مچار نے نائب صدر کے طور پر اپریل میں حلف لیا تھا۔ صدر کیر نے پیر کو مچار کے مقام پر جنرل تیبان ڈینگ گیے کو نائب صدر مقرر کیا تھا، انہیں چنداپوزیشن ارکان کی حمایت حاصل ہے ۔اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان الحق نے آج نیویارک میں صحافیوں سے کہا کہ جنوبی سوڈان میں کوئی بھی سیاسی تقرری امن معاہدے کے تحت ہونی چاہیے ۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان الزبتھ ٹرودییونے بتایا کہ جنوبی سوڈان کے کچھ اپوزیشن اراکین نے ہفتہ کو جوبا میں ملاقات کی اور نائب صدر کے طور پر دینگ گیے کو تسلیم کیا۔