بیجنگ / بنکاک 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں نے عالم گیر سطح پر حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہوکر 66 واں یوم جمہوریہ کا جشن جوش و مسرت کے ساتھ منایا ۔ قومی ترانہ کی گونج میں ترنگا لہرایا اور اس موقع پر تہذیبی پروگرام منعقد کئے گئے ۔ چین میں ہندوستانی سفیر اشوک کے کانتا نے ہندوستانی سفارتخانہ واقع بیجنگ میں ترنگا لہرایا اور ہند ۔ چین تعلقات میں ہونے والی ’’نمایاں پیشرفت ‘‘کا تذکرہ کیا ۔ اشوک کے کانتا نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی تقریر کا متن پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ 2014 میں باہمی تعلقات میں نمایاں حرکیات اور ترقی دیکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد واضح کردیا گیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ تعلقات کو اعلی ترین ترجیح دیتی ہے ۔ حکومت چین نے بھی جواب خیر سگالی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں باہمی تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ۔ جاریہ سال سرگرمیوں کا آغاز وزیر خارجہ سشما سواراج کے دورہ چین سے ہوگا۔ وزیر اعظم مودی جاریہ سال کے اواخر میں چین کا دورہ کریں گے ۔ دونوں ممالک نے تمام شعبوں بشمول سیاسی ،دفاعی ،معاشی اور ثقافتی میں اپنے تعلقات بہتر بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی نئے شعبوں میں صدر ژی جنگ پنگ کے دورہ ہند کے موقع پر تعاون میں اصافہ ہوا ہے ۔ ان میں ریلوے ،صنعتی پارکس میں اچھی پیشرفت دیکھی گئی ہے ۔ اسمارٹ سٹیز ،خلاء ،سیول نیو کلیئر توانائی ،تہذیبی تبادلوں اور سیاحت میں کلیدی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ہندوستانی اور چینی فنکاروں نے رقص و موسیقی کا پروگرام پیش کیا ۔ اس علاقہ کے تمام ہندوستانی سفارتخانوں میں پورے جنوب مشرق ایشیاء میں ترنگا فخر کے ساتھ لہرا رہا تھا ۔ ہندوستانیوں اور ہندوستان کے دوستوں نے علاقائی ہندوستانی سفارتخانوں میں جمع ہوکر یوم جمہوریہ تقریب منائی ۔ بنکاک میں ہندوستانی سفیر برائے تھائی لینڈ ہرش وردھن شملہ نے قومی پرچم سفارتخانے کے احاطہ میںلہرایا ۔ 400 افراد کی داد و ستائش گلاب کی پنکھڑیاں ترنگا پر نچھاو ر کرنے کی شکل میں ظاہر ہوئی ۔ قومی ترانہ کی گونج میں ترنگا لہرایا گیا ۔ حب الوطنی کے گیت ،نظمیں پڑھی جانا اور تہذیبی پروگرام پیش کئے گئے ۔ شرنگلا نے صدر جمہوریہ قوم سے خطاب کے اقتباسات پڑھ کر سنائے ۔ ہنوئی میں ہندوستانی سفیر برائے ویتنام پریتی سارنگ نے ہندوستانی برادری کیلئے ایک ’’اوپن ہاؤز‘‘ منعقد کیا ۔ انہوں نے قومی پرچم لہرایا اور صدر جمہوریہ کا خطاب پڑھ کر سنایا ۔ کم از کم 150 ہندوستانی برادری کے ارکان نے تقریب میں شرکت کی ۔ دنیا کے دیگر ممالک سے بھی ہندوستانی برادری کی جانب سے جوش و خروش اور خوشی و مسرت کے جذبہ کے ساتھ اپنے اپنے ممالک میں ہندوستانی سفارتخانوں میں جشن جمہوریہ منانے کی اطلاعات ملی ہیں۔