دنیا بھرمیں ڈیڑھ کھرب ڈالرس کے کاروباراِسلامی بینکنگ سے مربوط

ملبورن۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)دنیا بھر میں ڈیڑھ کھرب ڈالر کا کاروباری لین دین اسلامی بینکنگ سے وابستہ ہو گیا ہے جبکہ مغرب اور آسٹریلیا میں اسلامی بینکنگ سسٹم تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق میلبورن یونیورسٹی کے ماہر معاشیات ڈاکٹر محمد اسحاق بھٹی نے مقامی جامعہ میں ایک تقریب کے دوران بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر اسلامک بینکنگ پروگرامز پوری دنیا میں اپنا حلقہ اثر تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ 10 برسوں میں مسلمانوں کی آبادی میں 35 فیصد اضافہ ہوجائے گا جبکہ آئندہ دو دہائیوں کے دوران دنیا کی 26 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہوگی لہٰذا اگر مسلم ممالک میں اسلامک بینکنگ سسٹم کو موثر انداز سے فروغ دیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پوری دنیا کی معیشت کو اسلامی طرز پر استوار نہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی بینکنگ سسٹم کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔