دمہ کے مریضوں کیلئے 8 جون سے دو روزہ کیمپ

حیدرآباد 26 مئی (این ایس ایس) دمہ کے مریضوں میں مچھلی کے ذریعہ دوا کی تقسیم کے مقصد سے نمائش میدان پر 8 جون کو 11 بجے دن دو روزہ کیمپ قائم کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اس کیمپ کا افتتاح کریں گے۔ بتھینی ہری ناتھ گوڑ نے حکومت تلنگانہ سے درخواست کی کہ نمائش میدان پر پینے کے پانی، برقی، ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لئے انتظامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں اِس عظیم خدمت میں تعاون کے طور پر مرل مچھلی سربراہ کی جائے۔ وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی سے آج سکریٹریٹ میں نمائندگی کے دوران گوڑ نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اِس کیمپ کے افتتاح کی دعوت دی اور باور کیا جاتا ہے کہ کے سی آر نے اِس دعوت کو قبول کرلیا ہے۔ ہری ناتھ گوڑ نے بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مچھلی کے ذریعہ دمہ کی دوا کی خوراک کی تقسیم کے کیمپ کا چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ افتتاح کریں گے۔ اِس موقع پر وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی اور دیگر وزراء بھی موجود رہیں گے۔