دمہ کے مریضوں میں کل نمائش میدان پر دوا کی تقسیم

حکومت کی طرف سے وسیع تر انتظامات: سرینواس یادو
حیدرآباد۔/6جون، ( این ایس ایس ) وزیر افزائش حیوانات و سمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہا ہے کہ مرگ کے موقع پر 8 جون کو صبح 9 بجے سے نمائش میدان پر دمہ کے مریضوں کو بتھنی گوڑ فیملی کی طرف سے مچھلی کے ذریعہ روایتی دوا دی جائے گی۔ یہ سلسلہ 9 جون کی شام تک جاری رہے گا۔ اس دوا کیلئے تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ دیگر ریاستوں سے ہزاروں افراد نمائش میدان پہونچتے ہیں جس کے پیش نظر مختلف محکمہ جات کی طرف سے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر 1.32 لاکھ مچھلیاں فراہم کی جائیں گی۔ 7 جون سے پانچ روپئے میں غذا کی فراہمی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ آر ٹی سی کی 133 خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ 1500 ملازمین پولیس تعینات کئے جارہے ہیں۔ تین ہیلت کیمپ لگائے گئے۔ 108 اور 104 امبولینس متحرک کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں پینے کے پانی کی تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔