دمشق کے قریب حکومتی فضائی حملے ، 42 ہلاک

بیروت ، 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی حکومت کے دمشق کے قریب باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں پر فضائی حملوں میں 42 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 7 بچے شامل ہیں، ایک نگرانکار گروپ نے آج یہ بات کہتے ہوئے نظرثانی شدہ اعداد و شمار پیش کئے ۔ کل کے فضائی حملے دارالحکومت کے شمال مشرق میں واقع مضافاتی علاقہ دوما میں انجام دیئے گئے جو زائد از ایک سال سے زیرمحاصرہ ہے ۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس جس نے کل مہلوکین کی تعداد 17 بتائی تھی ، آج اُس نے کہاکہ دوماپر حکومتی فضائی کارروائی میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 42 ہوگئی ہے جس میں 7 بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ مہلوکین میں باغیوں کی نامعلوم تعداد بھی ہے جو صدر بشارالاسد کو معزول کرنے کے لئے زائدازتین سال سے لڑ رہے تھے ۔