دمشق ۔ 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے دارالحکومت دمشق میں چہارشنبہ کو مبینہ اسرائیلی حملوں میں 8 ایرانی فوجیوں سمیت کم سے کم 41 غیرملکی جنگجو ہلاک ہوگئے۔ شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ ’’المرصد‘‘ نے دمشق کے نواحی علاقے الکسوۃ میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب شامی حکومت کے میڈیا نے تصدیق کی ہیکہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد اسرائیلی میزائلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ یہ میزائل دمشق کے نزدیک شامی حکومت کی ایک عسکری تنصیب پر داغے گئے تھے۔ انسانی حقوق گروپ کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی کارروائی میں کم سے کم 41 غیرملکی عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔