دمشق حکومت امن مذاکرات میں شریک ہو گی : ماسکو

ماسکو ، 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) روسی حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ شامی حکومت کا وفد جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کرے گا۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور شامی اپوزیشن رہنما احمد الجربا کے مابین ہونے والی ملاقات کے بعد یہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ شام میں فعال اعتدال پسند باغیوں کے نمائندے 10 فروری سے شروع ہونے والے مذاکرات میں شرکت کا عندیہ دے چکے ہیں۔ مذاکرات کا پہلا دور کسی واضح پیش رفت کے بغیر گزشتہ جمعہ کے روز اپنے اختتام کو پہنچا تھا۔ ادھر شامی صدر بشار الاسد کی حامی افواج نے حلب پر بیرل بم برسانے کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رکھا۔ لندن میں قائم غیر سرکاری تنظیم ’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے مطابق حلب پر گزشتہ چار دنوں سے جاری فضائی حملوں اور بالخصوص بیرل بموں سے اب تک 150 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔