لکھنؤ۔ 31جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دماغی بخار جیسی پانی سے پیدا ہونے والی اور وائرل سے پھیلنے والی بیماریوں کے خلاف اپریل سے مہم چلانے کی حکام کو ہدایت دی ہے ۔یوگی نے کل رات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ضلع مجسٹریٹوں سے کہا کہ اپریل سے دماغی بخار ، ڈینگو، جے ای، کالازار وغیرہ کے خلاف پندرہ دنوں تک مہم چلائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکمے اس میں اپنا سرگرم اور موثر تعاون یقینی بنائیں تاکہ ان بیماریوں پر کنٹرول پایا جاسکے ۔ حکومت کا مقصد ان بیماریوں سے ہورہی اموات کو روکنا ہے اور اس میں کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس مہم میں عوامی نمائندگان کی حصہ داری بھی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ تمام ضلع اسپتالوں، سی ایچ سی اور پی ایچ سی میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کافی تعداد میں تعینات کیاجائے ۔ اس کے علاوہ بچوں کو ہونے والی بیماریوں سے نپٹنے کے لئے پیڈیاٹرکس کے ماہرین کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔