دلیپ کمار کو کارنامۂ حیات ایوارڈ

جئے پور۔یکم فبروری(سیاست ڈاٹ کام)پدم وبھوشن اور شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کو آج ہندوستانی سینما کیلئے نمایاں خدمات پر کارنامۂ حیات ایوارڈ دیا گیا ۔ اداکار انوپم کھیر نے یہ ایوارڈ حاصل کیا جو توصیفی سند اور شال کے علاوہ ناریل پر مشتمل ہے ۔ جئے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹول کی انتظامی ٹیم نے آج اس ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ بانی صدرنشین ٹیم ہونوروز نے افتتاحی تقریب میںایرانی فلم ساز ماجد ماجدی کو بھی سینما کیلئے غیرمعمولی خدمات پر کارنامہ حیات ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے ویڈیو پیام میں کہا کہ اُن کے شوہر اس اعزاز پر بیحدمسرت محسوس کررہے ہیں ۔ وہ خود یہ ایوارڈ حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن ڈاکٹرس نے انہیں ہجوم سے بچنے کا مشورہ دیا ہے ۔ انوپم کھیر نے مختصر خطاب میں کہا کہ دلیپ صاحب ہمارے لئے انتہائی معزز ہستی ہیں‘ انہیں تین چار فلموں میں دلیپ صاحب کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ایک فلم میں انہوں نے تھپڑ بھی کھایا تھا ۔