ممبئی ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سیشن کورٹ نے دلیپ کمار کو مبینہ طور پر دھوکہ دینے سے متعلق ایک مقدمہ میں پروڈکشن فرم ڈائرکٹر کی درخواست ضمانت قبل از وقت گرفتاری کو آج ختم کردیا۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمہ کے سلسلہ میں ہنوز ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ پبلک پراسیکیوٹر اقبال سولکر نے بتایا کہ عدالت نے سمرا پروڈکشن کے ڈائرکٹر سریش کرپاڈ کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی یکسوئی کردی ۔ فلم اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے جاریہ سال جون میں کھر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں انہوں نے کرپاڈ اور دیگر دو افراد پر چار کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کرپاڈ نے دلیپ کمار کی سوانح حیات کی رسم اجرائی کیلئے 7.41 کروڑ روپئے کی اسپانسرشپ دلانے کا وعدہ کیا۔ کرپاڈ نے مبینہ طور پر ایک کمپنی کے 2.4 کروڑ روپئے کے اسپانسر سرٹیفکٹ پیش کئے اور ایک بینک سلپ بھی ای میل کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اسپانسرس نے 3.98 کروڑ روپئے سائرہ بانو کے اکاؤنٹ میں جمع کرادیئے ہیں۔ سائرہ بانو نے کہا کہ یہ رقم ان کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئی اور اسپانسر سرٹیفکٹ بھی اصلی نہیں تھے۔